آئی ایم ایف

آئی ایم ایف سے پاکستان کیلئے ایک ارب 38 کروڑ ڈالرز کا ریلیف پیکیج منظور

واشنگٹن (عکس آن لائن) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لئے ایک ارب 38 کروڑ ڈالرز کے ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی اور کہا ہے کہ کورونا کے پاکستانی معیشت پر انتہائی اہم اثرات مرتب ہوئے ہیں اور حکومت پاکستان نے کورونا وائرس کا پھیلا روکنے کے لیے تیزی سے اقدامات کیے، اس مقصد کے لیے معاشی پیکیج کا بھی اعلان کیا گیا اور حکومت عوامی صحت پر اخراجات میں اضافہ کر رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)نے پاکستان کےلئے ایک ارب 38 کروڑ ڈالرز کے ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی۔کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ریلیف پیکیج کی منظوری آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں دی گئی۔ اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس کے باعث پاکستان کی معیشت شدید متاثر ہو رہی ہے اور معاشی غیر یقینی بڑھتی جا رہی ہے، جس پر قابو پانے کے لیے پاکستان کو بیرونی فنانسنگ کی ضرورت ہے۔

عالمی مالیاتی فنڈ کا کہنا ہے کہ ایک ارب 38 کروڑ ڈالرز کا پیکیج پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو بہتر کرے گا، پیکیج سے بجٹ کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے گا اور پاکستان کو زرمبادلہ ذخائرمیں کمی پرقابو پانے میں مدد ملےگی۔آئی ایم ایف اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان یہ فنڈ کورونا کے اثرات سے نمٹنے کے لیے استعمال کر سکے گا، پاکستان کو فنڈ ریپڈ فنانسنگ انسٹرومنٹ کی مد میں جاری ہوں گے،

پاکستان توازن ادائیگی کے لیے ہنگامی ضروریات پوری کر سکے گا۔اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف پاکستان کےساتھ قریبی رابطے میں ہے، کورونا کےاثرات کم ہوتے ہی مذاکرات دوبارہ شروع کیے جائیں گے جس میں 6 ارب ڈالرز کے موجودہ ای ایف ایف پروگرام کے تحت بات چیت ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں