لاہور(عکس آن لائن) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت نے پارلیمان کو چھانگا مانگا منڈی بنا دیا ہے ،آئین کے مطابق انتخابات کیلئے فنڈز کی فراہمی کیلئے معاملہ قومی اسمبلی میں لے کر جانے کی کوئی ضرورت نہیں ، جس حکومت کے پاس انتخابات کے بجٹ کے حوالے سے بل پاس کرانے کی اکثریت نہیں اسے حکومت میں رہنے کا کوئی حق نہیں ۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ جس انداز سے تحریک انصاف کے پارٹی رہنمائوں کو انتقامی کارروائیوں کو نشانہ بنایا گیا ،عمران خان پر ایک سو چالیس سے زائد مقدمات درج کر کے بد ترین ظلم کی مثال قائم کی گئی اس کی دنیا کے کسی اور ملک میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کو آبزرویشن دینا پڑی ہے کہ کس طرح سے معاملات کو چلایا جارہا ہے ،پوری قو م کی نظریں اعلیٰ عدلیہ پر لگی ہوئی ہیں ،پارلیمان کو چھانگا کی مانگا منڈی بنا دیا گیا ہے جہاں ضمیر فروش بیٹھے ہوئے ہیں ،پارلیمان سے قراردادیں منظور کر کے سپریم کورٹ کے فیصلے کی حکم عدولی کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ (ن) اور (ش) لیگ کی لڑائی اتنی بڑھ چکی ہے کہ شہباز شریف کونا اہل کرانا چاہتے ہیں اور یہ صاف نظر آرہا ہے ۔
تحریک انصاف نے پنجاب کے 297حلقوں میں امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دئیے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) شکست کے خوف سے بھاگ چکی ہے ،سسیلین مافیا اور گارڈ فادر کبھی ملک میں انتخابات نہیں کرائیں گے اور آئین کو معطل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئین پر عمل نہیں ہوگا تو فیصلہ سڑکوں کے اوپر ہوگا ، تحریک انصاف اور پوری قوم سپریم کورٹ کے پیچھے کھڑی ہے ، ہم آئین کی بالا دستی کے ساتھ کھڑے ہیں ،آئین کی حکمرانی کی جدوہد میں پاکستان کی عوام عمران خان کی قیادت میں عوامی تحریک کے لئے تیار ہیں ، کسی صورت بھی پاپڑ والوں ،فالودے والوں کو من مانی نہیں کرنے دیں گے۔