لاہور(عکس آن لائن)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت الحمرا میں اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر تحفظ ماحولیات محمد رضوان، سیکرٹری سلمان اعجاز، آل پاکستان بھٹہ ایسوسی ایشن کے صدرشعیب خان نیازی نے شرکت کی۔اجلاس میں 31دسمبر2020ء تک پنجاب میں تمام بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی پراتفاق کیا گیا۔
پہلے مرحلے میں چار ماہ میں سینٹرل پنجاب جہلم سے لے کر اوکاڑہ تک بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے گا۔ مقررہ مدت تک زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہ ہونے والے بھٹوں کومستقل بند کر دیا جائے گا۔ اجلاس میں پرانی ٹیکنالوجی پر بننے والے نئے 84 بھٹوں کو فی الفور بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر یہ بھٹے آئندہ دو ماہ میں زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہ ہوئے تو انہیں گرادیا جائے گا۔
ان فیصلوں پر عملدرآمد کے لئے آئندہ دو روز میں آل پاکستان بھٹہ ایسوسی ایشن سے باقاعدہ معاہدہ کیا جائیگا۔صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اجلاس کو بتایا کہ پنجاب میں بھٹے بند کرکے عام آدمی کی مشکلات بڑھانا نہیں چاہتے ‘ بھٹے چلتے رہیں گے لیکن کوئی بھٹہ غیرمعیاری ایندھن استعمال نہیں کرے گا۔ 31دسمبر2020ء کے بعد کوئی بھٹہ پرانی ٹیکنالوجی پر نہیں رہے گا۔ عوام کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ بھٹے بند کرکے کسی کو بے روزگار نہیں کرنا چاہتے لیکن سموگ پر قابو پانے کے لئے اقدامات کریں گے۔