کیف(عکس آن لائن)یوکرائن کے وزیراعظم ڈینس شمہال نے یورپی یونین کی جانب سے یوکرین کو ایک بلین یورو کے نئے امدادی پیکیج فراہم کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یوکرائنی وزیراعظم نے گزشتہ روز جاری بیان میں کہا کہ امداد کی منظوری گزشتہ روز یورپی یونین کے رکن ممالک کے وزرائے خزانہ نے دی جس سے یوکرائن کو اپنے دفاع کے دوران مالی استحکام برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین ترجیحی بنیادوں پر اٹلی سے بھی 200ملین یورو امداد حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ قبل ازیں یوکرائن کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ یوکرائن کو امریکا کی جانب سے 1.7بلین ڈالر کی گرانٹ موصول ہو گئی ہے جو میڈیکل گارنٹی پروگرام کے تحت طبی خدمات کی فراہمی کیلئے ریاستی بجٹ کے اخراجات کو پورا کرنے کیلئے استعمال کی جائے گی۔