اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے صحت کے شعبہ میں اصلاحات کے حوالے سے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے‘ جس سے آئندہ نسلوں کو صحت کی معیاری سہولیات میسر آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیمی نظام میں بہتری وزیراعظم عمران خان کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس ضمن میں تمام مشکلات اور رکاوٹوں کو موثر اصلاحات کے ذریعے ختم کیا جارہا ہے تاکہ ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں میں معیاری صحت و تعلیم کی سہولیات کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تربیت یافتہ انسانی وسائل اور جدید ٹیکنالوجیز کی ضرورت ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت معیاری صحت کی خدمات پر توجہ مرکوز کررہی ہے تاکہ عالمی معیارات پر پورا اترا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ کے حوالے سے اصلاحات کے بڑے ایجنڈے پر کام ہو رہا ہے ، ڈاکٹروں کی کارکردگی کی جانچ پڑتال اور ہسپتالوں کے مالی امور کا حساب کتاب رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے ہسپتالوں کی نجکاری نہیں کی جائے گی اور ڈاکٹر اپنی پہلی حیثیت میں ہی کام کریں گے تاہم ڈاکٹرز کی ناقص کارکردگی پر بورڈ آف گورنرز انہیں فارغ کرسکیں گے۔ بورڈ آف گورنرز کو یک سطری بجٹ دیا جائے گا تاکہ وہ اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کراسکیں اور مریضوں کو بلا تاخیر زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم ہو۔ انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات کے ذریعے ڈاکٹرز نجی ہسپتالوں میں بھی اپنا کام کرنے کا اختیار حاصل کرسکیں گے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ موجودہ حکومت ان ہسپتالوں کی معاونت کرتی رہے گی تاکہ وسائل کے انتظام میں ان کی مدد کی جاسکے اور مریضوں کی دیکھ بھال کے نظام میں بہتری آئے۔ جس کے لئے میڈیکل ڈائریکٹر اور نرسنگ ڈائریکٹر کی تعیناتی کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق عوامی بجٹ کو عام لوگوں کی امنگوں کے مطابق خرچ کرنا چاہئے جس کے لئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ ہم پورے عزم اور جذبے کے تحت کام کررہے ہیں اور پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔