واشنگٹن (عکس آن لائن)امراض قلب، کینسر اور دیگر جان لیوا امراض سے خود کو بچانا چاہتے ہیں؟ تو ہر رات اچھی نیند کو یقینی بنائیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ہارورڈ میڈیکل اسکول کی تحقیق میں بتایا گیا کہ اچھی نیند دل اور جسمانی صحت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور زندگی کی مدت میں اضافہ کر سکتی ہے۔تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ نوجوانی سے اچھی نیند کو عادت بنانے سے قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ کسی بھی وجہ سے 8 فیصد اموات نیند کی کمی کا نتیجہ ہوتی ہیں۔اس تحقیق میں ایک لاکھ 72 ہزار سے زیادہ افراد سے 2013 سے 2018 کے دوران کیے گئے سروے کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔2018 کے بعد 4 سال تک ان افراد کی صحت کا جائزہ لیا گیا جس دوران 8681 افراد مختلف امراض کے باعث انتقال کر گئے۔تحقیق میں شامل افراد کی نیند کا جائزہ لینے کے بعد دریافت کیا گیا کہ اچھی نیند سے دل کی شریانوں سے جڑے امراض سے موت کا خطرہ 21 فیصد، کینسر سے موت کا خطرہ 19 فیصد جبکہ دیگر امراض سے موت کا خطرہ 40 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
تحقیق میں اچھی نیند کے 5 رویے بھی دریافت کیے گئے۔ان رویوں میں 7 سے 8 گھنٹے کی نیند، سونے میں مشکلات کا سامنا نہ ہونا، بیدار ہونے کے بعد دوبارہ سونا، نیند میں مدد فراہم کرنے والی ادویات کا استعمال نہ کرنا اور بیدار ہونے کے بعد ذہنی اور جسمانی طور پر خود کو اچھا محسوس کرنا شامل ہے۔محققین نے بتایا کہ اگر تمام افراد نیند کے لیے مثالی رویوں کو اپناتے ہیں تو ان کی زندگی کی مدت بھی بڑھ سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ نیند کا معیار بہتر کرتے ہیں تو مختلف امراض سے متاثر ہونے یا ان سے موت کا خطرہ بھی گھٹ جاتا ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اچھی نیند کے نتیجے میں مردوں کی اوسط عمر میں 4.7 سال جبکہ خواتین کی اوسط عمر میں 2.4 سال کا اضافہ ہو جاتا ہے۔اس تحقیق کے نتائج امریکن کالج آف کارڈیالوجی کے سالانہ اجلاس کے دوران پیش کیے گئے۔