راولپنڈی (عکس آن لائن) محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ گندم کی کٹائی پوری طرح پکنے پر کریں اور محکمہ موسمیات کی بارشوں سے متعلق پیشن گوئی کو مدِ نظر رکھیں۔
فصل کی بروقت سنبھال کے لئے کٹائی اور گہائی سے پہلے مزدوروں، تھریشر، ٹریکٹر، ترپال یا پلاسٹک شیٹ اور کمبائن ہارویسٹر کا انتظام کر لیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ اس سال بارشیں معمول سے زیادہ ہوئی ہیں اور درجہ حرارت بھی کم رہا ہے اس لئے کاشتکار گندم کی کٹائی فصل کے پوری طرح پکنے پر کریں۔ اگر کمبائن ہارویسٹر سے برداشت کرنی ہو تو توڑی یا بھوسہ کی سنبھال کے لئے ویٹ سٹرا چاپر مشین کا استعمال کریں۔
کاشتکار بارش ہونے کی صورت میں کٹائی روک دیں۔ گندم کے کھیتوں میں بارش کے پانی کے اخراج کیلئے فوری بندوبست کریں اور کٹائی موسم کے بہتر ہونے پر دوبارہ شروع کریں۔کٹائی کے بعد بھریاں قدرے چھوٹی باندھیں اور سٹوں کا رخ ایک ہی طرف رکھیں۔ کھلواڑے چھوٹے رکھیں اور اونچے کھیتوں میں کھلیان لگائیں اور اس کے اردگرد کھائی ضرور بنا لیں۔ کاشتکار اگلے سال کے بیج کیلئے بیماریوں سے پاک فصل کا انتخاب کریں اور فصل کو برداشت سے پہلے جڑی بوٹیوں، کانگیاری اور غیر اقسام کے پودوں سے پاک کرلیں۔
فصل کی ہر قسم کے لئے علیحدہ علیحدہ کھلیان لگائیں۔ گہائی سے پہلے اور بعدتھریشر یا کمبائن ہارویسٹر اچھی طرح صاف کرلیں۔ بوری میں بیج ڈالتے وقت گندم کی قسم کا نام ضرور لکھیں۔بیج کیلئے محفوظ کیے جانے والے دانوں میں نمی زیادہ سے زیادہ 10 فیصد ہونی چاہیے۔ بیج کو ذخیرہ کرنے سے قبل سٹور کو اچھی طرح صاف کرلیں اور ذخیرہ شدہ ہر بوری پر قسم کا نام ضرور لکھیں۔ سٹور کو بحساب 35-30 زہریلی گولیوں سے فی ہزار مکعب فٹ دھونی دیں اور72 گھنٹوں کے بعدسٹور کو کھلا چھوڑ دیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے تناظر تمام کاشتکار و فیلڈ ورکرز حفاظتی تدابیر پر عمل کریں۔