لاہو ر(عکس آن لائن) پرائیڈ آف پرفارمنس گلوکارہ شاہدہ منی نے کہا ہے کہ گلوکاری انتہائی مشکل فن ہے جس کیلئے برسوں کی ریاضت درکار ہوتی ہے ،صرف سُر کی سین کو سمجھنے کیلئے بھی استاد کی ضرورت ہوتی ہے ،
پاکستان فن موسیقی کے حوالے سے زرخیز ملک ہے ۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی خود کو بڑی گلوکارہ نہیں سمجھا بلکہ جب بھی پرفارم کرتی ہوں تومیر ے ذہن میں ہوتا ہے کہ آج میرا پہلا دن ہے اور جس قدر ہوسکے اچھے انداز میں پرفارم کروں ۔
میںنے باقاعدہ ماہرا ستادوں سے گلوکاری کی تربیت حاصل کی ہے اور روزانہ گانے کی ریاضت کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دھرتی میں ایسے عظیم گلوکار پیدا ہوئے ہیں جنہوںنے اپنی گائیکی سے پوری دنیا میں اپنے فن کا لوہا منوایا اور بطور پاکستانی مجھے اس پر فخر ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں کسی کی تعریف کرنے میںہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا جاتا ہے حالانکہ جو بھی اچھا کام کر رہا ہے وہ پاکستان کا اثاثہ اور فخر ہے ۔پاکستانی گلوکاروں نے قوالی،غزل ، فوک سمیت ہر طرح کی موسیقی میں بے پناہ نام کمایا ہے ۔ہمیں اپنے گلوکاروں کو کریڈٹ دینا چاہیے اور ان کی تعریف کرنی چاہیے ۔