پشاور (نمائندہ عکس)خیبر پختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔اب تک کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق 64 تحصیل کونسل میں سے 31 کے نتائج مکمل ہو گئے ہیں جس میں پاکستان تحریک انصاف 13 تحصیل کونسلز میں کامیاب قرار پائی ہے جبکہ 14 تحصیل کونسلز میں ان کے امیدوار آگے ہیں۔اب تک کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق 6 تحصیل کونسلز میں آزاد امیدوار کامیاب قرار پائے اور ایک تحصیل کونسل میں آزاد امیدوار آگے ہے۔ جے یو آئی (ف) 5 تحصیل کونسلز میں کامیاب ہو گئی ہے اور 7 تحصیل کونسلز میں آگے ہے۔
مسلم لیگ ن ایک تحصیل کونسل میں کامیاب رہی اور 5 تحصیل کونسلز میں ن لیگ کے امیدواروں کو برتری حاصل ہے۔جماعت اسلامی 3 تحصیل کونسلز میں کامیاب ہو چکی ہے اور 2 تحصیل کونسلز میں آگے ہے جبکہ پیپلز پارٹی ایک تحصیل کونسل میں کامیاب اور ایک تحصیل کونسل میں آگے ہے۔غیر حتمی نتائج کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار 2 تحصیل کونسلز میں کامیاب ہو گئے ہیں۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیر خزانہ کے پی تیمور خان جھگڑا نے سوشل میڈیا پر ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔