اوٹاوا (عکس آن لائن) کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے انتخابات میں کامیابی کے باوجود مخلوط حکومت بنانے سے انکار کردیا ہے۔ کینیڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق دارالحکومت اوٹاوا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کینیڈا کی دوسری پارٹیوں کے رہنماؤں سے ان کی ترجیحات اور ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے بارے میں مشورہ کریں گے۔تاہم وہ حکومت سازی کے لئے کسی سیاسی پارٹی سے اتحاد نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نئی کابینہ 20 نومبر کو حلف اٹھائے گی جس میں مرد اورخواتین ارکان کی تعداد برابر ہوگی۔ واضح رہے کہ موجودہ انتخابات میں ہاوس آف کامنز کی 338 نشستوں میں سے جسٹن ٹروڈو کی پارٹی نے 157 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ حکومت سازی کے لئے 177 نشستیں درکار ہیں۔