اشرف بھٹی

کورونا کے پھیلائو ،سمارٹ لاک ڈائون کے حوالے سے اعتماد میں لیا جائے ‘ آل پاکستان انجمن تاجران

کراچی /لاہور/سیالکوٹ/گوجرانوالہ/فیصل آباد(عکس آن لائن )آل پاکستان انجمن تاجران کے صدراشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت کورونا وائرس کے پھیلائو کی صورتحال اور سمارٹ لاک ڈائون کے حوالے سے اعتماد میں لے اور کسی بھی حتمی فیصلے سے قبل مشاورت کو یقینی بنایا جائے ،حکومت کے بیانات سے تاجرطبقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو رہی ہے جو معیشت کیلئے اچھی علامت نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مختلف شہروں کے عہدیداروں نے بذریعہ ویڈ لنک اجلاس میں شرکت کی اور اپنی تجاویز بھی دیں ۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل محبوب سرکی ، لاہور کے صدر میاں طارق فیروز،سینئر نائب صدر نعیم بادشاہ، رفعت سلیم ، شہزاد بھٹی ،حاجی سعید، خواجہ ندیم سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے اسٹیک ہولڈرز کی نمائندہ تنظیموں اور ایسوسی ایشنز سے مشاورت کرنا بھی گوارا نہیں سمجھتے جو تشویش کا باعث ہے ۔حکومت کورونا کی دوسری لہر آنے کا شور تو مچا رہی ہے لیکن ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے کوئی اقدامات نظر نہیں آتے ،حکومت سطح پر تقریبات میں ایس او پیز کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کی صورتحال اور سمارٹ لاک ڈائون کی پابندی کے حوالے سے اعتماد میں لیا جائے تاکہ حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہو سکیں ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ تاجر تنظیموں نے اپنی مشاورت شروع کر دی ہے اورجلد آئندہ کی حکمت عملی وضع کی جائے گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں