میئر کراچی وسیم اختر

کورونا وائرس کے پیش نظر شہر میں اسپرے مہم تیز کی جائے، میئر کراچی وسیم اختر

کراچی (عکس آن لائن) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر شہر میں اسپرے مہم تیز کی جائے اور خصوصاً ایسے علاقے جہاں کھانے پینے کی دکانیں یا فوڈ اسٹریٹ موجود ہوں، برنس روڈ، بوٹ بیسن، سندھی مسلم ہاؤسنگ سوسائٹی، محمد علی ہاؤسنگ سوسائٹی، حسین آباد، یوپی موڑ فوڈ اسٹریٹ، حیدری مارکیٹ فوڈز اسٹریٹ خاص طور پر قابل ذکر ہیں کیونکہ یہاں بڑے پیمانے پر کھانے پینے کی اشیاء فروخت کی جاتی ہیں، یہ بات انہوں نے ضلع وسطی میں واٹر ٹینکروں کے ذریعہ کئے جانے والے جراثیم کش اسپرے کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، وائس چیئرمین سید شاکر علی، یوسی چیئرمین محمد فرید، سینئر ڈائریکٹر کو آرڈینیشن مسعود عالم بھی موجود تھے،

انہوں نے کہا کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے اتنظامات کو بہتر بنانا اور جراثیم کش اسپرے ضروری ہے تاکہ شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم کیا جاسکے، میئر کراچی نے کہا کہ اسپرے مہم کو باقاعدگی سے جاری رکھا جائے گا اور مرحلہ وار تمام علاقوں میں اسپرے مہم کا دوسرا مرحلہ شروع کیا جائے گا، میئر کراچی نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث شہری اپنی حفاظت آپ جاری رکھیں اور گھر میں رہنے کو ترجیح دیں، انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنا ضروری ہے تاکہ اس وباء کو پھیلنے سے روکا جاسکے،

انہوں نے کہا کہ چین کی مثال ہمارے سامنے ہے جنہوں نے سخت اقدامات کے تحت کورونا وائرس جیسی مہلک بیماری پر قابو پایا، پاکستان خصوصاً کراچی میں عوام کے تعاون سے اس حوالے سیمعاملات خاصے بہتر ہیں اور اگر شہریوں کا تعاون اسی طرح جاری رہا تو ہم بہت جلد معمول کی زندگی کی طرف لوٹ آئیں گے، میئر کراچی نے کہا کہ اس وباء کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے تاہم مشکلات کے بعد ہی آسانیاں پیدا ہوتی ہیں، شہر میں لاک ڈاؤن کے باعث کافی حد تک کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکا گیا ہے،

میئر کراچی نے کہا کہ ضلع وسطی کی تمام یوسیز میں اسپرے کیا جائے تنگ گلیوں میں مینول طریقے سے جراثیم کش اسپرے کریں، انہوں نے واٹر بورڈ سے بھی درخواست کی کہ وہ اس سلسلے میں کے ایم سی اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز سے تعاون کریں اور اسپرے کے لئے ہائیڈرینٹس سے ٹینکرز کو پانی مہیا کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں