پانچ منزلہ رہائشی عمارت

کراچی: پانچ منزلہ رہائشی عمارت گرنے سے 11 افراد جاں بحق، 34 افراد زخمی ہوگئے

کراچی (عکس آن لائن) رضویہ تھانے کے قریب جمعرات کے روز پانچ منزلہ رہائشی عمارت گرنے سے 11 افراد جانبحق اور 34 افراد زخمی ہوگئے۔ گرنے والی رہائشی عمارت کی وجہ اطراف میں موجود دو عمارتیں بھی متاثر ہوگئیں۔

عباسی شہید ہسپتال کے پولیس سرجن کے مطابق جانبحق ہونے والوں میں یحیحی، حیدر، مریم، حرا، زبیدہ، سارا، شہلا اور غلام مصطفے شامل ہیں جبکہ دیگر تین جانبحق ہونے والوں کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔ زخیموں کا علاج جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق رضویہ تھانے کے قریب پانچ منزلہ رہائشی عمارت گرنے کے باعث عمارت میں رہائش پذیر 11 افراد ملبے تلے دب کر جانبحق ہوگئے جبکہ 34 زخمی ہوگئے۔

ایدھی فاؤنڈیشن، چھیپا ایمبولینس سروس اور دیگر ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر تاحال ریسکیو آپریشن کررہی ہیں۔ دریں اثناء میئر کراچی وسیم اختر کا گولیمار میں رہائشی عمارت گرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی کو امدادی کاموں کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وسیم اختر نے مزید ہدایت کی ہے کہ بلدیہ عظمی کراچی کی فائر بریگیڈ، ریسکیو کی ٹیمیں انسانی جانوں کے بچانے کیلئے پہلے اقدامات کریں، عباسی شہید اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، ڈاکٹر اور طبی عملے کو الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ ٹراما سینٹر میں اقدامات کرلئے گئے ہیں۔

مزیدبرآں آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے ایس ایس پی سینٹرل کو ریسکیو اقدامات کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس ایس پی سینٹرل ریسکیو اقدامات کو ہر لحاظ سے مربوط اور مؤثر بنائیں۔ جائے وقوعہ پر پاکستان رینجرز (سندھ)، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں