فیصل آباد (عکس آن لائن) ماہرین زراعت نے چارے کی فصل کو لشکری سنڈی کے حملہ سے محفوظ رکھنے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ چونکہ لشکری سنڈی سبز چارے کی پیداوار کو نقصان پہنچاتی ہے لہٰذا کاشتکار چارے کی فصل پر کڑی نظر رکھیں تاکہ لشکری سنڈی کے حملہ سے محفوظ رہ کر فی ایکڑ زائد پیداوار کا حصول ممکن ہو سکے۔
انہوں نے بتایاکہ برسیم وغیرہ کے کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ فصل کی کاشت کیلئے بھاری میر ا یا قدرے ہلکی میرا زمین کاانتخاب کریں اور اسے تین سے چار مرتبہ ہل و سہاگہ دے کر دو سے تین ٹرالیاں فی ایکڑ گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈال کر مکس کرلیاجائے تاکہ ذرخیز زمین تیار ہو سکے۔ انہوں نے بتایاکہ ایک ایکڑ کاشت کیلئے 8 کلو گرام صاف ستھرا صحت مند اور جڑی بوٹیوں سے پاک بیج کاشت کرنااشد ضروری ہے۔
انہوں نے بتایاکہ لشکری سنڈی پتوں کو کھا کر چٹ کر جاتی ہے اسلئے اس کے خاتمے اور پروانوں کی تلفی کیلئے روشنی کے پھندے لگانے چاہئیں ۔ انہوں نے کہاکہ اگر لشکری سنڈی کا حملہ شدت اختیار کرجائے تو ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت توسیع و پیسٹ وارننگ کے عملہ کی مشاورت سے 125سے 140 ملی لیٹر فی ایکڑ سٹیوارڈ کاسپرے بہتر نتائج کاحامل ہو سکتاہے۔