صدر جنرل اسمبلی

چین نے غربت کے خاتمے سمیت متعدد شعبوں میں اعلی معیار کی ترقی حاصل کی ہے، صدر جنرل اسمبلی

بیجنگ (عکس آن لائن) اقوام متحدہ کی 78 ویں جنرل اسمبلی کے صدر ڈینس فرانس نے چائنا میڈیا گروپ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ چین نے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، غربت کے خاتمے، خواتین کو بااختیار بنانے اور تعلیم سمیت بہت سے شعبوں میں اعلی معیار کی ترقی حاصل کی ہے اور یہی اقوام متحدہ کی جانب سے پائیدار ترقیاتی اہداف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کامیابیوں کے حصول میں چین کی انتھک کوششوں کو دیکھ کر انہیں بے انتہا خوشی اور حوصلہ افزائی ملی ہے۔ ڈینس فرانس نے کہا کہ یہ ایک ناقابل فراموش تجربہ تھا جس میں انہوں نے لوگوں میں اطمینان اور خوشی کا احساس محسوس کیا ۔
اقوام متحدہ کی 78 ویں جنرل اسمبلی کے صدر نے کہا کہ چین نے جدید اور مضبوط انفراسٹرکچر نیٹ ورک کی تعمیر میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں جس سے پائیدار ترقی کے عمل کو فروغ اور تقویت ملی ہے اور یہ ان بہت سے شعبوں میں سے ایک ہے جہاں چین ترقی پذیر ممالک اور گلوبل ساؤتھ کے ممالک کے ساتھ اپنے کئی کامیاب تجربات کا اشتراک کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین غربت کے خاتمے میں اپنے تجربے کے اشتراک میں اقوام متحدہ کا ایک مثالی شراکت دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم پائیدار ترقی کے اہداف میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے اور چین نے اس شعبے میں بھی نمایاں پیش رفت کی ہے۔ ڈینس فرانسس نے کہا کہ وہ اس حقیقت سے متاثر ہوئے ہیں کہ چین میں اسکول جانے والی عمر کی حامل آبادی کا تقریباً پچاس فیصد لڑکیوں پر مشتمل ہے۔ دنیا کے بہت سے علاقوں میں لڑکیوں کو رسمی تعلیم تک رسائی حاصل نہیں ہے لیکن چین میں ایسا نہیں ہے۔
جنگ کے حوالے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے قیام کا مقصد دنیا کو جنگ سے بچانا ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اسرائیل فلسطین کی صورتحال پر دو قراردادیں منظور کی ہیں لیکن ان پر ابھی تک عمل درآمد نہیں ہو سکا اور غزہ کی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے۔ انہوں نے غزہ میں جنگ بندی کے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا اور کہا کہ صرف جنگ بندی ہی سے ایک ایسے عمل کا آغاز ممکن ہے جو غزہ کے لوگوں کی انسانی ضروریات کو مکمل طور پر پورا کرسکے گا ۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبی کے صدر نے کہا کہ جہاں چین کی ترقی اور سفارت کاری ایک غیر مستحکم دنیا میں زیادہ یقین اور استحکام پیدا کرتی ہے، وہیں چینی ثقافت، ثقافتی تنوع کی ایک روشن مثال بھی فراہم کر رہی ہے۔انہو ں نے کہا کہ 22 دسمبر 2023 کو ، اقوام متحدہ کی 78 ویں جنرل اسمبلی نے اتفاق رائے سے ایک قرارد اد منظور کرکے سپرنگ فیسٹیول کو اقوام متحدہ کی تعطیل کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں