اسد عمر

چین سے ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں درآمد کی جائیں گی، اسد عمر

اسلام آباد(عکس آن لائن)پاکستان رواں ماہ کے اختتام تک چین کی دو کمپنیوں سے کووڈ 19 کی ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں حاصل کرے گا۔ایک انٹرویومیں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر نے کہا کہ حکومت نے کورونا وائرس کی ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں درآمد کرنے کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ویکسین دو حصوں میں پاکستان پہنچے گی۔اسد عمر نے کہا کہ پہلی کھیپ 25 مارچ جبکہ دوسری 30 مارچ کو پہنچے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت آئندہ ماہ مزید ویکسین حاصل کرے گی اور چین کی دو مختلف کمپنیوں سے یہ ویکسین حاصل کی جائیں گی۔

وفاقی وزیرجو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے چیئرمین بھی ہیں، نے متنبہ کیا کہ کیسز کی شرح بڑھ رہی ہے اور لوگوں کو معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) کو اپنانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگر ایس او پیز کی تعمیل بہتر نہیں ہوئی تو حکومت سخت پابندیاں لگانے پر مجبور ہوگی۔اسد عمر نے کہا کہ این سی او سی کا اجلاس 22 مارچ (بروز پیر) کو ہوگا جس میں صورتحال کا جائزہ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر صورتحال بہتر نہیں ہوئی تو سخت اقدامات کے فیصلے لیے جاسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں