چینی وزیر خا رجہ

چین اور یورپی یونین کے تعلقات میں استحکام دیکھا گیا ہے، چینی وزیر خا رجہ

بیجنگ (عکس آن لائن)چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے چین میں تعینات یورپی یونین اور دیگررکن ممالک کے سفیروں سے اجتماعی ملاقات کی ہے۔منگل کے روز وانگ ای نے کہا کہ چین اور یورپی یونین کے تعلقات میں جامع بحالی اور استحکام سے بہتری کا اچھا رجحان دیکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال چین اور یورپی یونین کے درمیان جامع تزویراتی شراکت داری کے قیام کی 20ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ چین-یورپی یونین کی سربراہ ملاقات منعقدہونے والی ہے اور دونوں فریقوں کو اس ملاقات کی کامیابی کو یقینی بنانے اور چین-یورپی یونین تعلقات کو نئی بلندی پر لے جانے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ وانگ ای نے کہا کہ چین اور یورپی یونین کے تعلقات کی تاریخ ہمیں باہمی احترام پر قائم رہنا، سکون اور عملیت پسندی پر قائم رہنا اور اسٹریٹجک سوچ پر عمل کرنے جیسے تین اسباق سکھاتی ہے۔

وانگ ای نے اس بات پر زور دیا کہ اگر چین اور یورپی یونین بات چیت اور تعاون کا انتخاب کریں تو بلاک سیاست نہیں ہوگی ۔اسی طرح اگر چین اور یورپی یونین امن اور استحکام کا انتخاب کریں تو نئی سرد جنگ شروع نہیں ہو گی اور اگر چین اور یورپی یونین کھلے پن اور جیت جیت تعاون کا انتخاب کریں تو عالمی ترقی اور خوشحالی کی امید پیدا ہو گی۔

چین میں یورپی یونین کے وفد کے سربراہ اور یورپی یونین کے رکن ممالک کے سفیروں نے کہا کہ یورپی یونین چین کے ساتھ تعمیری اور مستحکم تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور چین کے ساتھ باہمی احترام اور بات چیت کو برقرار رکھنے کے لیے تیار ہے۔ یورپی یونین کا چین سے الگ ہونے کا کوئی ارادہ نہیں اور وہ باہمی طور پر فائدہ مند اور متوازن اقتصادی اور تجارتی تعلقات قائم کرنے کی امید رکھتی ہے۔ اس خیال کا بھی اظہار کیا گیا کہ آئندہ ہونے والی چین یورپی یونین سربراہ ملاقات دونوں فریقوں کے درمیان ایک اہم اعلیٰ سطحی بات چیت ہے، جس سے چین یورپی یونین تعلقات میں تعمیری پیش رفت کو فروغ ملے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں