اسلام آباد (عکس آن لائن) گذشتہ سولہ سال کے دوران ملک میں چینی تیار کرنے والے کارخانوں کی تعداد 89 تک بڑھ گئی ہے۔ مئی 2002ء کے اختتام پر پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں مجموعی طور پر 69 کارخانے چینی تیار کر رہے تھے جن کی تعداد مئی 2018ء کے اختتام پر 89 تک بڑھ گئی۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) اور ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق مئی 2002ء کے اختتام پر پنجاب میں چینی تیار کرنے والے 37 جبکہ سندھ میں 27 اور خیبر پختونخوا میں 5 کارخانے کام کر رہے تھے جن کی مجموعی تعداد 69 تھی۔
رپورٹ کے مطابق مئی 2008ء کے اختتام پر چینی تیار کرنے والی ملکی صنعتو ں کی تعداد میں 9 کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد 78 تک بڑھ گئی اور صوبہ پنجاب میں چینی کی صنعتوں کی تعداد 42 تک، سندھ میں 29 اور کے پی کے میں 7 تک پہنچ گئی۔ اسی طرح مئی 2018ء کے اختتام پر ملک کے تین صوبوں میں چینی تیار کرنے والے کارخانوں کی تعداد 89 تک پہنچ گئی اور صوبہ پنجاب میں چینی تیار کرنے والی صنعتوں کی تعداد 45، صوبہ سندھ میں 38 جبکہ خیبر پختونخوا میں 6 تک بڑھ گئی۔