اسلام آباد(عکس آن لائن) قومی ایئرلائن کی دو پروازیں حادثے سے بال بال بچ گئیں ، پائلٹس نے بڑی مہارت سے طیاروں کو لینڈ کیا ، جہازمیں عملے کے علاوہ تمام مسافر محفوظ رہے۔تفصیلات کے مطابق لاہورسے اسلام آباد آنیوالی قومی ایئرلائن کی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی کے 650 کے انجن میں اچانک خرابی پیدا ہوگئی، جس کے بعد پائلٹ نے مہارت سے طیارے کو اسلام آباد ایئر پورٹ پرلینڈ کیا، جہاز میں عملے کے علاوہ 38 مسافرسوارتھے، تمام محفوظ رہے.
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ انجن میں کچھ چیز چلی گئی ، جس سے خرابی پیدا ہوئی ، پائلٹ نے خراب انجن کو سوئچ آف کرکے دوسرےانجن کی مدد سے طیارے کو لینڈ کرایا، طیارہ خیریت سے لینڈ ہوا تمام مسافر محفوظ ہیں۔دوسری جانب پشاور سے شارجہ جانیوالی پی آئی اے کی پرواز بھی حادثےسے بچ گئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی کے 257 کے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد طیارے کے سسٹم ٹرپ کرگئے ، جس سے ایئربس 320 کا اگلا وہیل بھی بند نہیں ہورہا تھا، پائلٹ نے وہیل کو بند کرنے کی بہت کوشش کی مگر بند نہ ہوسکا۔ذرائع ایئرپورٹ کے مطابق کپتان نے طیارے کو مہارت سے دوبارہ پشاور ایئرپورٹ اتارلیا، طیارے کا شاک آبزرویو،اسٹینڈبائی ،آٹو ٹرسٹ،آٹو پائلٹ سسٹم بھی ٹرپ کرگیاتھا جبکہ ایف ایم اے میں بھی خرابی پیدا ہوگئی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے میں 100سے زائد مسافر سوار تھے، پی آئی اے انجینئر طیارے کی فنی خرابی کو دور کرنے میں ناکام ہے ، ایئربس320طیارے کو گزشتہ روز بغیر مسافروں کے طیارے کو کراچی لایا گیا۔