لاہور(عکس آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی طرف سے پارٹی ٹکٹ کے خواہشمند امیدواروں کو نئی ہدایات جاری کردی گئیں۔سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری کی جانب سے جاری کردہ ہدایت میں کہا گیا ہے کہ امیدوار نئی حلقہ بندیوں کے بعد پارٹی ٹکٹ کے لئے نئے حلقہ نمبر کے مطابق 4دسمبر تک درخواستیں ارسال کریں ۔
مزید کہا گیا ہے کہ جن امیدواروں نے پہلے بغیر بینک ڈرافٹ کے درخواستیں ارسال کی ہیں نئی درخواستیں دینے والے قومی اسمبلی کیلئے 40ہزار روپے اور صوبائی اسمبلی کے 30ہزار روپے کا بنک ڈرافٹ منسلک کریں ۔نیئر حسین بخاری کی جانب سے جاری ہدایت میں کہا گیا ہے کہ درخواستیں صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے نام ،بنک ڈرافٹ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے نام ہوگا ۔درخواستیں بلاول ہائوس کراچی یا ہائوس نمبر ایک اسٹریٹ 85ایمبیسی روڈ اسلام آباد کے پتے پر ارسال کی جائیں ۔