پیٹرولیم

پیٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ خوش آئند ہے ،بجلی کا ٹیرف بھی کم کیا جائے’ اشرف بھٹی

لاہور(عکس آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدراشرف بھٹی نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے عالمی منڈی میں کمی کے رجحان کے باعث آنے والے دنوں میں قیمتوں میں مزید کمی ہو گی ، حکومت بجلی کے ٹیرف کی سطح کو بھی نیچے لائے تاکہ مہنگائی کی شرح میں کمی آئے ۔ اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کا اقدام قابل تحسین ہے اور امید ہے کہ یہ تسلسل آنے والے دنوں میں بھی جاری رہے گا جس سے مشکلات سے دوچار عوام کو کچھ ریلیف ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سے درخواست ہے کہ بجلی کی قیمتوں پر بھی نظر ثانی کی جائے اور اس کے ٹیرف کو ایک سطح پر لا کر منجمد کیا جائے ۔ اگر پیٹرولیم اور بجلی کی قیمتوں میںکمی کی جائے تو اس سے یقینا مہنگائی کی شرح میں بھی کمی ہو گی جس سے حکومت کی نیک نامی ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شدید بارشوں سے متاثر ہونے والے کراچی کے تاجروں کی مالی معاونت کے لئے پیکج کا اعلان کرے جس سے ہزاروں لوگوںکا روزگار بچ سکے گا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں