پپیتے کی کاشت

پنجاب کے گرم مرطوب علاقوں اور سندھ کے اضلاع نواب شاہ، سانگھڑ، سکھر، ٹھٹھہ، بدین کو پپیتے کی کاشت کیلئے آئیڈیل قرار دیدیاگیا

فیصل آباد (عکس آن لائن)پنجاب کے گرم مرطوب علاقوں اور سندھ کے اضلاع نواب شاہ، سانگھڑ، سکھر، ٹھٹھہ، بدین کو پپیتے کی کاشت کیلئے آئیڈیل قرار دیدیاگیا ہے اور بتایاگیاہے کہ پاکستان میں پپیتے کا زیر کاشت رقبہ 1545ہیکٹرز اور پیداوار8732ٹن سے بھی تجاوز کر گئی ہے جبکہ پنجاب کے گرم مرطوب علاقوں میں پپیتے کی کاشت کے رقبہ میں بھی اضافہ ہونے لگاہے۔محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ پاکستان کے علاوہ سری لنکا، ہوائی، ملایا، تھائی لینڈ اور بھارت میں بھی وسیع رقبے پر پپیتے کی کاشت ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پپیتا اپنی مخصوص غذائی افادیت اور شاندار طبی خصوصیات کی وجہ سے ایک منفرد پھل کی حیثیت رکھتاہے جو نہ صرف پھل کے طورپر کھانے بلکہ کچے پھل کے سبزی کے طور پر پکانے، جیم، جیلی، اچار،مربہ اور کینڈی بنانے کیلئے بھی اس کا استعمال کیاجاتاہے۔انہوں نے کہاکہ پپیتے میں پیکٹین اور پیپین بڑی مقدار میں موجود ہوتے ہیں لہذا اس کارس دوسرے پھلوں کے رس کے ساتھ ملا کر استعمال کرنے سے ہاضمہ درست، معدہ و جگر تندرست، پیشاب صاف، بلغم دور اور نیند نہ آنے کی شکایت بھی رفع ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس کی جڑیں بواسیر کی بیماری کے تدارک کیلئے انتہائی مفید ہیں جبکہ پیپین جسم کے داغ دھبوں کو صاف کرنے میں بھی معاون ہے۔ انہوں نے کہاکہ پپیتے کی کاشت پانی کے اچھے نکاس والی ذرخیز زمین میں کی جا تی ہے۔انہوں نے کہاکہ باغبان و کاشتکار پپیتے کی کاشت کے ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں