کراچی(عکس آن لائن) پاکستان کے لیجنڈری اداکار عابد علی 67 سال کی عمرمیں انتقال کر گئے۔عابد علی گذشتہ دو ماہ سے یرقان میں مبتلا تھے اور یرقان بگڑنے کے باعث وہ کراچی کے نجی اسپتال میں گزشتہ کئی روز سے وینٹی لیٹر پر تھے۔اداکار عابد علی نے دشت، دوسرا آسمان، وارث اور مہندی سمیت متعدد ڈراموں اور فلموں میں یادگار کردار ادا کیا۔
عابد علی نے آخری بار فلم ہیر مان میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے جو آج کل سینما گھروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔عابد علی کو امجد اسلام امجد کے لکھے ہوئے ڈرامے وارث سے شہرت حاصل ہوئی، انہوں نے سینکڑوں ٹیلی ویژن ڈراموں اور درجنوں فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
عابد علی 29 مارچ 1952 کو کوئٹہ میں پیدا ہوئے تھے، صدر پاکستان نے 1985 میں عابد علی کو پرائڈ آف پارفامنس سے نوازا۔ عابد علی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)سے وابستہ تھے۔عابد علی نے دو شادیاں کی تھیں، ان کی پہلی بیگم حمیرا علی اور دوسری رابعہ نورین ہیں اور ان دونوں کا تعلق بھی شوبز سے ہے جبکہ عابد علی کی تین بیٹیاں ہیں جن میں ایمان علی، راہما علی اور مریم علی شامل ہیں، ایمان علی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھتی ہیں۔