پاکستان کرکٹ بورڈ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے شیڈول کا اعلان کردیا۔

کھیل (عکس آن لائن ) قومی ٹی ٹونٹی کپ 30 ستمبر سے 18 اکتوبر تک ملتان اور راولپنڈی ، قومی ٹی ٹونٹی کپ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ یکم سے 8 اکتوبر تک لاہور،قومی انڈر19 کرکٹ کے مقابلے13 اکتوبر سے29 نومبر تک لاہور، مریدکے اورشیخوپورہ ،قائداعظم ٹرافی کے فرسٹ کلاس میچز25 اکتوبر سے کراچی میں شروع ہوں گے۔
شیڈول کی تیاری اس انداز سے کی گئی ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کرکٹرزکے لیے فرنچائز کرکٹ اور قومی ٹیموں میں جگہ بنانا مزید آسان ہوسکے۔
قومی انڈر 19 ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ بھی ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا۔اس بنیاد پر ہر ٹورنامنٹ میں تمام چھ ٹیموں کو 10 لیگ میچوں میں شرکت کا موقع ملے گا، جس کے بعد 4 بہترین ٹیموں کے درمیان سیمی فائنلز ہوں گے۔
قومی ٹی ٹونٹی کپ اور قومی انڈر19 ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کوستمبر، اکتوبر میں منعقدکروانے کی بڑی وجہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کی نومبر میں شیڈول ڈرافٹنگ کے لیے تمام فرنچائز مالکان کی توجہ ان ابھرتے ہوئے نوجوان اور باصلاحیت کرکٹرز کی طرف مرکوز کرنا ہے۔
رواں سال ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا آغاز 30 ستمبر سے شروع ہونے والے قومی ٹی ٹونٹی کپ سے ہوگا۔کوویڈ 19 کے سبب ان غیرمعمولی حالات میں شیڈول ایونٹ کا پہلا مرحلہ ملتان اور دوسرا راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ قومی انڈر 19 ایک روزہ ٹورنامنٹ کے میچز 13 اکتوبر سے 2 نومبر تک لاہور، مریدکے اور شیخوپورہ میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان ڈومیسٹک کرکٹ کے ماتھے کا جھومر، قائداعظم ٹرافی، کےرواں سال تمام میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کے نان فرسٹ کلاس میچز 18 اکتوبر سے 13 دسمبر تک کھیلے جائیں گے جبکہ فرسٹ کلاس میچز 25 اکتوبر سےپانچ جنوری تک کھیلے جائیں گے۔
سیزن کا اختتام پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ سے ہوگا۔ یہ ایونٹ 8 سے 31 جنوری تک کھیلا جائے گا۔ جس کے بعد فروری، مارچ میں شیڈول ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2021 کے مقابلوں کی تیاری کا آغاز ہوجائے گا۔کووڈ19 سے متعلق ہدایات کے مطابق قائداعظم ٹرافی کے دوران تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کی نقل و حرکت محدود ہوگی، جس کے سبب ایونٹ کے تمام میچز کراچی میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں