آیوڈین کی کمی

پاکستان میں 35 فیصد سے زائد افراد آیوڈین کی کمی کا شکار ہیں، آغا فخر حسین

کراچی (عکس آن لائن)آئیوڈین کی کمی کے عالمی دن کے موقع پر سندھ فوڈ اتھارٹی نے نیوٹریشن انٹرنیشنل اور پراونشل فورٹیفیکیشن الائنس کی ٹیکنیکل اسسٹنس کے ساتھ فوڈ اسٹریٹ پورٹ گرانڈ کراچی پر آگاہی واک کا اہتمام کیا۔واک میں ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین، این آئی کی ڈاکٹر فاطمہ، فورٹیفیکیشن الائنس کے نوید بھٹو، سندھ فوڈ اتھارٹی کے افسران و عملہ، معروف ہوٹلز/ریسٹورنٹس کے مالکان اور سول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے کہا کہ پاکستان میں 35 فیصد سے زائد افراد خصوصا بچے اور خواتین آیوڈین کی کمی کا شکار ہیں لہذا اس مسئلے پر آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آیوڈین کی کمی سے خود کو بچانے کے لیے کھانے کی اشیا میں آیوڈین ضرورت کے مطابق استعمال کیا جانا چاہیے۔اس موقع پر تقسیم اسناد کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ پورٹ گرینڈ کے تمام فوڈ ہینڈلرز، جنہوں نے سندھ فوڈ اتھارٹی کے زیر اہتمام تربیت میں حصہ لیا، ان کو اسناد دی گئیں۔ پورٹ گرینڈ کی انتظامیہ کی جانب سے یہ بھی اعلان کیا گیا کہ اب سے پورٹ گرینڈ کے تمام ریسٹوران صرف فورٹیفائیڈ نمک، تیل اور گندم کا آٹا استعمال کریں گے۔ ایسا کرنے سے پورٹ گرینڈ ملک کی پہلی فورٹیفائیڈ فوڈ اسٹریٹ بن گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں