لاہور (نمائندہ عکس)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو آج مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔چوہدری محمد سرور نے یوم پاکستان پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، ملکی سرحدوں کی حفاظت اور امن کے لیے قربانی دینے والوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 23 مارچ ہماری ملی تاریخ کا عظیم دن ہے، ہم پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کے قیام کی صورت میں عوام کو اپنے حقوق اور مذہبی آزادی ملی ہے، ہم سب نے ملکر اپنے پیارے پاکستان کو مضبوط خوشحال اور پر امن بنانا ہے۔انکا کہنا ہے کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو آج مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، عمران خان قائد اور اقبال کے مشن کے مطابق پاکستان کو آگے لیکر بڑھ رہے ہیں۔چوہدری محمد سرور نے کہا کہ یہ وطن عزیر ہمارے آباو اجداد نے جہد مسلسل اور قربانیوں کے بعد حاصل کیا ہے، ہمارا نظریہ صرف ایک ہے، وہ یہ کہ ملک کی ترقی اور اسے آگے لے کر جانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج سب عہد کریں ہم انفرادی اور اجتماعی طور پر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے، قائد اعظم کے زریں اصول ایمان، اتحاد تنظیم پر عمل کریں، آئیے باہمی اختلافات بھلا کر ایک قوم بن کر سوچیں۔