ٹورنٹو (عکس آن لائن) کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے محل وقوع کی وجہ سے علاقائی تجارت کا مرکز بن سکتا ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کو غیر ملکیوں کے ساتھ میل جول میں پاکستان کے بارے میں غلط فہمیوں، تعصبات اور بدگمانیوں کو دور کرنا چاہیے ، ویزا پراسیسنگ سنٹر دوبئی سے اسلام آباد منتقل کرنے کے حوالے سے کینیڈین حکام کا رد عمل مثبت ہے، کینیڈین حکام اس حوالے سے اعداد و شمار کا جائزہ لے رہے ہیں جنہیں بعد میں پاکستان مشن کے ساتھ شیئر کیا جائیگا،پاکستان اور کینیڈا کے مابین اچھے تعلقات ہیں ، پاکستان کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے مکمل طور پر کھلا ہے ۔
ایک انٹرویو میں انہوںنے کہاکہ کینیڈا نے پاکستان کو سٹوڈنٹ ڈائریکٹ سٹریم (ایس ڈی ایس ) میں شامل کر رکھا ہے،اس سکیم میں صرف سات ممالک شامل ہیں۔انہوںنے کہاکہ ایس ڈی ایس سکیم میں شمولیت سے کینیڈین یونیورسٹیوں اور کالجوں میں داخلے کے خواہشمند طلبا کی ویزا درخواستوں کو مختصر مدت میں نبٹایا جاتا ہے۔ رضا بشیر تارڑ نے کہاکہ پاکستانی طلبا کو ویزا درخواستوں کی منظوری کے لیے تمام ضروری معلومات درست اور مکمل طور پر فراہم کرنی چاہیں، ویزا پراسیسنگ سنٹر دوبئی سے اسلام آباد منتقل کرنے کے حوالے سے کینیڈین حکام کا رد عمل مثبت ہے،
انہوںنے کہاکہ پاکستانی طلبا و طالبات کی ویزا درخواستوں کی بڑی تعداد میں مبینہ مستردگی کو کینیڈین حکام کے ساتھ اٹھایا ہے۔انہوںنے کہاکہ کینیڈین حکام سے گفت و شنید اور روابط سے ظاہر ہوتا ہے کہ ویزا درخواستوں کی بڑی تعداد میں مستردگی کی خبریں درست نہیں ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کینیڈین حکام اس حوالے سے اعداد و شمار کا جائزہ لے رہے ہیں جنہیں بعد میں پاکستان مشن کے ساتھ شیئر کیا جائیگا انہوںنے کہاکہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین اچھے تعلقات ہیں ، دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم اور وزرائے خارجہ میں ٹیلی فونک رابطے ہوئے ہیں،ہماری کوشش ہو گی کہ آنے والے دنوں اعلی سطحی سرکاری وفود کا تبادلہ ہو۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے مکمل طور پر کھلا ہے۔ انہوںنے کہاکہ کاروبار میں آسانیوں کے عالمی گراف میں پاکستان کی رینکنگ میں نمایاں بہتری آئی ہے،کاروباری طبقے کا اعتماد بڑھا ہے،پاکستان اپنے محل وقوع کی وجہ سے علاقائی تجارت کا مرکز بن سکتا ہے۔ رضا ربشیر تارڑ نے کہاکہ کینیڈین سرمایہ کار پاکستان میں کارخانے لگا کر اپنی مصنعوعات کو افغانستان،سنٹرل ایشیا اور افریقہ تک کو برآمد کر سکتے ہیں۔
انہوںنے کہاکہ پاکستان میں غیر ملکی سیاحوں کے لیے بہت پر کشش مقامات اور علاقے موجود ہیں، پاکستان میں مذہبی سیاحت کو بہت فروغ حاصل ہوا ہے،کینیڈا سے سکھوں کی بڑی تعداد کرتار پور اور دیگر مذہبی مقامات کی زیارت کے لیے پاکستان کا رخ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کے سفیر اور پاکستان کا فخر ہیں ، کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں نے ہر مشکل اور دکھ کی گھڑی میں اپنے وطن اور ہم وطنوں کا ساتھ دیا ہے، بیرون ملک پاکستانیوں نے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے علاوہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے مکروہ چہرے کو دنیا بھر میں ننگا کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ بیرون ملک پاکستانیوں کو غیر ملکیوں کے ساتھ میل جول میں پاکستان کے بارے میں غلط فہمیوں، تعصبات اور بدگمانیوں کو دور کرنا چاہیے ۔