اسلام آباد( عکس آن لا ئن) پاکستان اور بھارت نے ایک دوسرے کے قید میں موجود شہریوں کی فہرست کا تبادلہ کیا ہے،ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ملکوں نے قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ سفارتی ذرائع سے کیا ہے،فہرستوں کا بیک وقت تبادلہ 2008 کے قونصلر رسائی کے معاہدے کے تحت ہوا،معاہدے کے تحت دونوں ممالک کو ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو ایک دوسرے کی تحویل میں قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرنا ہوگا،
ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستان نے اسلام آباد میں ہندوستانی ہائی کمیشن کے ساتھ پاکستان میں زیر حراست 705 ہندوستانی قیدیوں کی فہرست شیئر کی،فہرست میں 51 شہری اور 654 ماہی گیر شامل ہیں،بھارتی حکومت نے نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمیشن کے ساتھ ہندوستان میں 434 پاکستانی قیدیوں کی فہرست بھی شیئر کی،ہندوستان کی فہرست میں 339 شہری اور 95 ماہی گیر شامل ہیں،
پاکستان نے اپنے 51 سویلین قیدیوں اور 94 ماہی گیروں کی جلد رہائی اور وطن واپسی کی درخواست بھی کی ہے،ان قیدیوں نے اپنی متعلقہ سزا مکمل کر لی ہے اور ان کی قومی حیثیت کی تصدیق ہو چکی ہے، 1965 اور 1971 کی جنگوں کے لاپتہ دفاعی اہلکاروں کو قونصلر رسائی دینے اور 56 سول قیدیوں تک خصوصی قونصلر رسائی کی درخواست بھی کی گئی ہے۔