واشنگٹن (عکس آن لائن)امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے کا عندیہ دے دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر نے کہا کہ ایک مرتبہ افغان امن عمل معاہدہ کسی نتیجے پر پہنچ جائے تو میں معاہدے پر دستخط کردوں گا۔وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جی ہاں! میں اس (معاہدے) پر اپنا نام درج کروں گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا اور طالبان کے مابین امن معاہدے پر دستخط سے محض چند گھنٹے قبل ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان میں ایک امریکی فوجی کی ہلاکت پر مذاکرات منسوخ کردئیے تھے تاہم امریکی صدر کا امن معاہدے پر دستخط سے متعلق تازہ بیان سامنے آنے کے بعد معاہدے کی کامیابی کے امکان بڑھ گئے۔واضح رہے کہ طالبان اور امریکا کے درمیان پرتشدد کارروائیوں میں کمی کے منصوبے پر اتفاق ہوا تھا جس کے تحت طالبان ایک ہفتے تک اپنی کارروائیوں میں نمایاں کمی لائیں گے،منصوبے کی کامیابی کے بعد دوحہ میں دونوں فریقین کے مابین 18 ماہ کے لیے افغان امن عمل معاہدے پر دستخط ہوں گے۔