محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا ژوب آپریشن میں شہید ہونے والے میجر بابر خان کو خراج عقیدت

اسلام آباد (عکس آن لائن ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ژوب، بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے میجر بابر خان کی بہادری کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید میجر بابر خان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میجر بابر خان نے دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی قیمتی جان وطن پر نچھاور کی۔ انہوں نے کہا کہ شہید میجر بابر خان نے جرات اور بہادری کے ساتھ دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، دہشتگردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملانے پر شہید میجر بابر خان کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میجر بابر خان نے شہادت کا بلند ترین رتبہ پایا اور ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ شہدا وطن نے اپنے قیمتی لہو سے امن کی آبیاری کی ہے اورپوری قوم کو شہدا کی عظیم قربانیوں پر ناز ہے۔