اسلام آباد(عکس آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر پورٹ اتھارٹی (جی پی اے)کمپلیکس پر حملے کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو سراہاتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے یہ بہادر جوان پاکستان کی سالمیت کو برقرار رکھے ہوئے ہیں،دہشتگردوں کامقصد پاکستان کی معاشی ترقی میں خلل ڈالنا ہے ۔گوادر پرو کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے حملہ آوروں کا مقابلہ کرنے میں سیکورٹی فورسز کی غیر معمولی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے اقدامات انتہائی تعریف کے مستحق ہیں۔
وزیر اعظم نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکورٹی فورسز کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔گوادر پرو کے مطابق انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے یہ بہادر افراد پاکستان کی سالمیت کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔گوادر پرو کے مطابق شہباز شریف نے شہدا کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی اور دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی قابل ستائش بہادری اور بروقت جوابی کارروائی کی تعریف کی جس کی وجہ سے حملہ ناکام ہوا اور حملہ آوروں کا صفایا ہوا۔گوادر پرو کے مطابق انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے گوادر، بلوچستان کے امن کو نشانہ بنایا، ان کا مقصد پاکستان کی معاشی ترقی میں خلل ڈالنا اور اس کے عوام کو مشکلات میں ڈالنا تھا۔گوادر پرو کے مطابق شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم اور قوم کی غیر متزلزل حمایت سے پاکستان کے خلاف تمام اندرونی و بیرونی سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔
گوادر پرو کے مطابق اس سے قبل سیکیورٹی فورسز نے بدھ کی سہ پہر گوادر پورٹ اتھارٹی (جی پی اے)کمپلیکس میں گھسنے کی کوشش کرنے والے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے)سے تعلق رکھنے والے باغیوں کو کامیابی سے ناکارہ بنا دیا تھا سرکاری اطلاعات کے مطابق بندوقوں اور دھماکہ خیز آلات سے لیس آٹھ عسکریت پسندوں نے گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس میں دراندازی کی کوشش کے دوران فائرنگ شروع کی۔ فوری کارروائی کرتے ہوئے سیکورٹی فورسز نے جی پی اے کمپلیکس کے آس پاس کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا تاکہ احاطے کو محفوظ بنایا جاسکے اور رہائشیوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔
فوری طور پر جوابی کارروائی شروع کی گئی اور کمک طلب کی گئی۔گوادر پرو کے مطابق آدھے گھنٹے تک فائرنگ کا شدید تبادلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں تمام آٹھ دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔گوادر پرو کے مطابق شہر کے وسط میں واقع جی پی اے کمپلیکس ایک اہم مرکز کے طور پر کام کرتا ہے جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عملے کی رہائش گاہوں کے ساتھ ساتھ گوادر پورٹ اتھارٹی کے آپریشنز کے لئے اہم دفاتر ہیں۔