اسلام آباد(عکس آن لائن)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا کا رات خطاب پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن سے دلبرداشتہ رویے اور مایوسیوں کا اظہار تھا،پہلے دن کہا تھا کہ یہ لوگ آپس میں مخلص نہیں تو قوم سے کیا وفا نبھائیں گے؟،حقیقت یہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ کی تاریخی تقریر نے مولانا کے مذہبی کارڈ بیانیہ کو پنکچر اور دھرنے کے مقاصد کو زمین بوس کردیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا مولانا خود فریبی سے نکلیں، عوام کو تنگ نہ کریں، آپ سازش میں ناکام ہوچکے ہیں،عام انتخابات میں ریجیکٹ ہونے والے جتھے کی صورت حقیقی عوامی مینڈیٹ کی توہین اور جمہوری نظام پر حملہ آور نہ ہوں۔ انہوںنے کہاسیاسی تنہائی کا شکار مولانا ذاتی مفادات کی عینک اتار کر دیکھیں تو پتہ چلے گا کہ پاکستان تنہائی کا شکار نہیں،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کا تشخص پوری دنیا میں ابھر کر سامنے آرہا ہے۔