فردوس عاشق اعوان

وزیراعظم کا دورہ بحرین دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات کے نئے دور کے آغاز کا غماز ہے،فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد (عکس آن لائن ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شاہ حمد بن عیسی بن سلمان آل خلیفہ کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان کا دورہ بحرین دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات کے نئے دور کے آغاز کا غماز ہے۔

پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا عمران خان کی بحرین کے قومی دن کے موقع پر گیسٹ آف آنر کے طور پر شرکت اور اعلی ترین سول ایوارڈ کا اعزاز دنیا اور خطے میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے وقار اور تشخص کا آئینہ دار ہے،یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین کثیرالجہتی تعلقات کی مضبوطی اورباہمی تعاون کے فروغ کی نئی راہیں کھولے گا،بحرین کے ساتھ مشترکہ ثقافت، مذہب اور باہمی اعتماد پر رشتے قائم ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا دونوں ممالک ملک کےعوام کے باہمی مفاد میں وسیع البنیاد اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں،بحرین میں مقیم ایک لاکھ سے زائد پاکستانی بحرین کی اقتصادی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں،وزیراعظم کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اضافے کا باعث بنے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں