کرا چی (عکس آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر آصف زرداری اور نواز شریف کو خدانخواستہ کچھ ہوا تو ذمے دار حکومت ہوگی، جمعرات کے روز بلاول بھٹو زرداری نے میاں نواز شریف کی علالت کی خبروں کے حوالے سے ایک بیان میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کی خرابی صحت کی خبروں پر سخت فکرمند ہوں،
انہوں نے کہا کہ دعاگو ہوں کہ خدا میاں نواز شریف کو جلد مکمل صحت یابی دے، محسوس کر سکتا ہوں کہ نواز شریف کی دورانِ قید علالت سے اہلِ خانہ کس تکلیف سے گزر رہے ہوں گے،بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اپوزیشن رہنماوں کو صرف سیاسی انتقام کے لیے اذیتیں دی جا رہی ہیں، آصف زرداری اور نواز شریف کا قصور صرف یہ ہے کہ وہ عوام دشمن حکومت کے خلاف ہیں، آصف زرداری اور نواز شریف احتساب کے نام پر انتقام کا نشانہ بنائے گئے ہیں، انسانیت کی باتیں کرنے والے عمران خان کے دل میں انسانیت نام کی کوئی چیز نہیں ہے،چیئرمین پی پی پی نے سوال کیا کہ کیا عمران خان کا کسی کو چھوڑوں گا نہیں کے بیان کا مطلب آصف زرداری اور نوازشریف کی زندگیوں سے کھیلنا تھا؟