مکہ مکرمہ (عکس آن لائن) سعودی حکام نے مکہ کو جدید شہر بنانے کے لئے مزید7 بڑے منصوبے شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔سعودی نشریاتی اداریکے مطابق مکہ میں شروع کئے جانے والے ان منصوبوں میں نکاسہ محلے کو جدید خطوط پر استوار کرنا، فوڈ سمارٹ سٹی کا قیام، میٹرو مکہ، مکہ بس سروس، درب المشاعر منصوبہ، کنگ عبدالعزیز روڈ اور مکہ گیٹ کی تعمیر شامل ہے۔
سعودی حکام کے مطابق تمام منصوبے زائرین حرم کی سہولت کے لیے شروع کئے جارہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں میٹرو منصوبے کی تکمیل سے مکہ بھر میں ٹرانسپورٹ کا مسئلہ بڑی حد تک حل ہوجائے گا۔ اس منصوبے کے تحت شہر بھر میں متعدد سٹیشن قائم ہوں گے۔ میٹرو کی لائن کے لئے کئی چوراہے اور بائی پاس بھی تعمیر کئے جائیں گے۔ میٹرو منصوبے کو بس سروس سے مربوط کیا جائے گا۔
اس مقصد کے لیے 60 کلو میٹر طویل سرکلر روڈ قائم ہوگی۔ اسٹیشنوں کی مجموعی تعداد 60 ہوگی۔اس منصوبے کے تحت مسجد الحرام اور حج مقامات منیٰ، عرفات اور مزدلفہ کو ایک دوسرے سے جوڑ دیا جائے گا۔ پروگرام کے تحت ایک لاکھ مربع میٹر کے رقبے پر تجارتی مراکز ، ہوٹل، مستقل رہائش اور عارضی رہائش کا انتظام ہوگا۔ عمارت کی چھتوں کا رقبہ 8لاکھ مربع میٹر کے لگ بھگ ہوگا۔شہر میں 400 بسیں چلائی جائیں گی، مکانات، یونیورسٹی، طیبہ سٹی، سرکاری دفاتر کے کمپلیکس، کینسر ریسرچ سینٹر، عجائب گھر اور 25 مربع کلو میٹر پر مشتمل پارکس کی تعمیر بھی ان منصوبوں میں شامل ہے۔