اسلام آباد (نمائندہ عکس)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی خدمت کا سفر اب تیزی سے جاری رہے گا۔تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف سے سابق وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی ملاقات ہوئی ہے۔
حافظ حفیظ الرحمن نے وزیرِ اعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چلاس میں وزیرِ اعظم کی عالمی معیار کی سہولتوں سے آراستہ ہسپتال کی منظوری مقامی لوگوں کیلئے نعمت سے کم نہیں۔حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ ٹریفک کی سارا سال روانی کیلئے بابو سر ٹنل کی منظوری سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی آبادی کی آمدورفت و معاشی سرگرمیاں سارا سال بلا تعطل جاری رہیں گی۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح عوام کی خدمت ہے، چار سال کے سیاہ دور میں عوامی فلاحی منصوبوں کو نظر انداز کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ انشاء اللہ ملک و قوم کی خدمت کا سفر اب تیزی سے جاری رہے گا۔