لاہور(عکس آن لائن)ایک ہفتے کے دوران ملک بھر میں مہنگائی میں مزید 0.61 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے اس کی شرح14.95 فیصد ہوگئی۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 22 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں۔رپورٹ کے مطابق چکن 13 روپے 30 پیسے فی کلو مہنگا ہوا اوراس کی اوسط فی کلو قیمت 263 روپے 58 پیسے ہوگئی، چینی 2 روپے 64 پیسے فی کلو مزید مہنگی ہوئی جس سے ا س کی اوسط فی کلو قیمت 96 روپے 68 پیسے ہوگئی۔ دال ماش 3 روپے 64 پیسے،دال مسور ایک روپے 37 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق دال مونگ 37 پیسے اور دال چنا 34 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، پیاز 81 پیسے اور آلو ایک روپے 40 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، بیف 92 پیسے اور مٹن 35 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، مٹن کی اوسط قیمت 1001.57 اور بیف 477 روپے فی کلو ہو گئی۔رپورٹ کے مطابق تازہ دودھ،دہی، انڈے، صابن، چاول کی قیمتیں بھی بڑھیں۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں ملک میں 5 اشیا ء سستی ہوئیں، آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 8 روپے 4 پیسے ، لہسن 17 روپے 29 پیسے فی کلو ،گڑ، ٹماٹر، آگ جلانے والی لکڑی کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ رواں ہفتے 24 اشیا ء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔