اسلام آباد (عکس آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں محاصرہ بھارتی حکومت کی فاشسٹ آر ایس ایس آئیڈیالوجی کا آئینہ دار ہے اور طاقتور ممالک اپنے تجارتی مفادات کی وجہ سے خاموش ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نیویارک میں بھارتی قونصل جنرل سندیپ چکر ورتی کے کشمیرمیں اسرائیلی ماڈل لانے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا مقبوضہ کشمیرکامحاصرہ 100دن سے جاری ہے، محاصرہ بھارتی حکومت کی فاشسٹ آر ایس ایس آئیڈیالوجی ظاہرکرتاہے، کشمیری انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا شکار ہیں ، طاقتورممالک اپنے تجارتی مفادات کی وجہ سے خاموش ہیں۔
یاد رہے کہ کشمیری اور بھارتی ہندوں کے لیے منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیویارک میں بھارتی قونصل جنرل سندیپ چکر ورتی نے مقبوضہ کشمیر میں اسرائیلی طرز کی آباد کاری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ کشمیر میں ہندوں کی آباد کاری سے سیکیورٹی کی صورت حال میں بہتری آئے گی۔