آزاد کشمیر

مطالبات منظور،آزاد کشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی شٹر ڈان اور پہیہ جام ہڑتال ختم

مظفر آباد (عکس آن لائن ) آزاد کشمیر میں مہنگی بجلی اور آٹے کے خلاف شٹر ڈاون اور پہیہ جام ہڑتال منگل کو 5ویں روز ختم ہوگئی۔ مطالبات کی منظوری کے بعد جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے احتجاج ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ روز ناخوشگوار واقعات کی وجہ سے تین بجے تک سوگ رہے گا ، تین بجے کے بعد شٹر ڈان ، پہیہ جام ہڑتال ختم تصور ہوگی ۔ آزاد جموں و کشمیر حکومت نے مطالبات تسلیم کر لئے ہیں جس کے بعد اب احتجاج کا کوئی جواز باقی نہیں ہے ۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے تمام گرفتار افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کردیا، اس موقع پر شہدا کے خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور شہدا کے بلند درجات کے لیے دعا کی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر آزاد کشمیر میں مہنگی بجلی اور آٹے کے خلاف شٹرڈان ہڑتال کے دوران کاروباری مراکز اور ٹرانسپورٹ بند رہے جبکہ مختلف علاقوں سے احتجاجی قافلے مظفرآباد پہنچنے پر صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی، مظاہرین کی پولیس اور رینجرز سے جھڑپیں بھی ہوئیں۔