لاہور(عکس آن لائن)پاکستان کرکٹ ٹیم کا 3سال کیلئے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر بننے کے بعد مصباح الحق نے ہر قسم کی کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا ہے اور اپنا بیٹ اور کرکٹ سامان پیک کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی سے معاہدہ کرنے سے قبل مصباح الحق نے ہر قسم کی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیاہے اور اب مستقبل میں وہ کوچ کی حیثیت سے دکھائیں دیں گے۔طاقتور ترین کوچ کے ساتھ ساتھ مصباح سب سے مہنگے اور سب سے زیادہ تعلیم یافتہ پاکستانی کوچ ہیں، پاکستانی کوچ کو دوہری ذمہ داری دے کر انہیں مکی آرتھر کے مساوی پیکیج دیا گیا ہے۔
نئے ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کے معاوضے کا اعلان نہیں کیا البتہ سی ای او وسیم خان نے یہ ضرور کہا کہ انھیں سابق کوچ مکی آرتھر کے برابر رقم دی جائے گی۔سابق کوچ مکی آرتھر کو تقریبا20ہزار ڈالر ماہانہ ملتے تھے،اس لحاظ سے مصباح کی تنخواہ32لاکھ روپے سے زائد ہوئی البتہ بورڈ نے اس کی تصدیق سے گریزکیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ مصباح نے اس سے قبل انڈر19ٹیم کا کوچ بننے کی پیشکش ٹھکرا دی تھی، پی سی بی نے یونس خان کو 15لاکھ روپے دینے سے انکار کرتے ہوئے 11 لاکھ پر اصرار کیا جس کی وجہ سے معاہدہ نہیں ہو سکا تھا، دوسری جانب مصباح کو سالانہ تقریبا 4 کروڑ روپے دینے پر بھی آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق کی جگہ کام کریں گے، انضمام الحق ماہانہ تقریبا 16لاکھ روپے تنخواہ لیتے تھے۔
کرکٹ بورڈ نے غیر ملکی کے برابر اپنے سابق کپتان کو مکمل اختیارات کے ساتھ اتنا ہی معاوضہ بھی دیا ہے۔واضح رہے کہ سی ای او وسیم خان اور ڈائریکٹر میڈیا کو بھی ریکارڈ تنخواہوں پر ملازمت دی گئی ہے، یوں اخراجات میں کمی کے دعوے غلط ثابت ہوگئے ہیں۔