مالٹے

مالٹے، کنو، گریپ فروٹ، مسمی کے درختوں کی غیر ضروری شاخوں کی رواں ہفتہ کے دوران کانٹ چھانٹ کی جائے ، زرعی ماہرین

فیصل آباد (عکس آن لائن)جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نےجاری ہفتہ کے دوران ترشاوہ پھلو ں کے باغبانوں کو مالٹے، کنو، گریپ فروٹ، مسمی کی برداشت جاری اور بیمار، خشک و غیر ضروری شاخوں کی کانٹ چھانٹ کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ غیر ضروری شاخوں کو کاٹ کر تلف کردیاجائے نیز زیادہ کوہر والی راتوں میں باغات کو پانی لگانے سمیت دھواں بھی دیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ اگر ماہ دسمبر میں دیسی کھاد بمعہ فاسفورس، پوٹاش، زنک وغیرہ نہ ڈالی گئی ہو تو یہ کام جنوری کے آخری ہفتہ کے دوران مکمل کرلیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیشہ کھاد وغیرہ کو پودوں کے گرد تنوں سے دور اچھی طرح بکھیرتے ہوئے بذریعہ گوڈی زمین میں مکس کرکے بھرپور پانی لگادینا چاہیے تاہم کھاد ڈالنے کے بعد پانی کا وقفہ ایک ماہ تک بڑھایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ نئے باغات لگانے کیلئے رواں ماہ جنوری کے دوران زمین کی تیاری کی جاتی ہے اس لئے پودے لگانے کیلئے مناسب جگہوں کی نشاندہی کر کے تین مربع فٹ سائز کے گڑھے کھود لئے جائیں اور انہیں 15 دن کیلئے کھلا چھوڑ دیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ رواں ایام کے دوران گدھیڑی کے انڈوں کو دبانے کے علاوہ اس کے بچوں پر کیڑے مار زہر کاسپرے بھی کردیاجائے اور پیشگی اقدامات کے تحت تسلی بخش پودے خریدنے کیلئے اچھی نرسری کا انتخاب بھی کرلیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ مزید رہنمائی یا مشاورت کیلئے زرعی ماہرین یا محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کیاجاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں