لاہور(عکس آن لائن) پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی ( پی ایچ اے) نے لاک ڈاون کے دوران اصول و ضوابط کے تحت تفریحی مقامات کو عوام کے لیے کھولنے کی تجویز پیش کر دی۔
ترجمان پی ایچ اے کا کہنا ہے کہ شہر کے 5 بڑے پارکس کے لیے خصوصی طور پر ضابطہ اخلاق کی تیاری شروع کر دی گئی ہے جس میں باغ جناح، جیلانی پارک، گلشن اقبال پارک، گریٹر اقبال پارک اور نیشنل پارک شامل ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ پارکس کو کھولنے سے متعلق مختلف تجاویز پر مشاورات اور غور جاری ہے تاہم پہلے مرحلے میں پارکس میں جاگنگ اور ورزش کے لیے آنے والوں کو ریلیف دیا جائے گا جب کہ بچوں کے پلے لینڈ کو تاحکم ثانی بند رکھا جائے گا۔
پی ایچ اے کے مطابق پارکس کے داخلی و خارجی راستوں پر کورونا وائرس سے متعلق آگاہی دی جائے، ساتھ ہی پارکس کے داخلی راستوں پر جراثیم کش ہینڈ سینیٹائزر لگائے جائیں اور پارکس میں آنے والوں کے لیے ماسک پہننا لازم قرار دیا جائے۔