سرگودھا(عکس آن لائن) کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے لاک ڈان میں بند کاروبار ٹھیلوں اور ریڑھیوں پر جاری رکھنے کے رجحان کاسخت نوٹس لیتے ہوئے چاروں اضلاع کی انتظامیہ او رپولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسے کاروباریوں اور تاجروں کو گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے سامان ضبط کریں تاکہ کورونا وائر س کے پھیلاو کا موجب بننے والے ان عناصر کا قلع قمع کیا جائے ۔ پانچ بجے کے بعد سموسے پکوڑے او ردیگر پکوان وکاروبار کی کسی صورت اجازت نہ دی جائے ۔20نکاتی ضابطہ کی خلاف ورزی کرنے والی مساجد کی کمیٹیوں کو نوٹسز جاری کئے جائیں او ربعدازاں تنبیہ کے باوجود عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں انہیں سیل کر دیا جائے ۔
وہ اپنے کانفرنس روم میں ڈویژنل ویجیلینس کمیٹی کے اجلا س کی صدارت کررہی تھیں ۔اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر افضال کوثر ‘ ڈپٹی کمشنر سرگودہا عبداللہ نیئر شیخ ‘ ڈی پی او فیصل گلزار ‘ ایڈیشنل کمشنر شہباز حسین نقوی ‘ ڈائریکٹر ہیلتھ رانا عبداللہ ‘ تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر نے واضح کیا کہ لاک ڈان کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی اور خفیہ اطلاعات پر ذمہ دار اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ پولیس کے تعاون سے پرائس کنٹرول کو سخت بنایاجائے ۔پولیس ریڑھیوں ‘ ٹھیلوں اور مستقل دکانوں کی خفیہ مانیٹرنگ کرے گی جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ایسے دکانداروں او رتاجروں کو بھاری جرمانے کریںگے ۔ انہوں نے کہاکہ پابندی کے باوجود آدھے شٹر او ردکانیں کھولنے کی قطعا اجازت نہیں ۔انہوں نے مساجد میں وضو خانوں کو سیل کرنے اور پچاس سال سے زائد عمر رسید ہ افراد کے گھروں میں نماز پڑھنے کی حوصلہ افزائی کی جائے اس ضمن میں مساجد کمیٹیوں پر سختی کی جائے تاکہ متعدی وائرس آرڈی نینس کی پابندی کو یقینی بنایاجاسکے ۔
مساجد میں دائروں اور سماجی دوری کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے بینکوں ‘ڈاکخانوں ‘سیونگ سنٹر اور دیگر مالیاتی اداروں میں لمبی قطاروں کی صورت میں اداروں کو بند کرنے اور ذمہ داروں کےخلاف مقدمات درج کرنے کی ہدایت کی ۔کمشنر نے گندم خریداری اہداف مکمل کرنے ‘کورونا وائرس کے مریضوں کے بروقت تشخیصی ٹیسٹ مکمل کروانے ‘ پٹرول کی متوقع قیمتوں کے کم ہونے کے صورت میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو متوازن بنانے ‘ عام مارکیٹ میں طلب او ررسد پر نظر رکھنے ‘ ذخیرہ اندوزوں کی سرگرمیوں کو کنٹرول کرنے او رناقص کارکردگی کے حامل مجسٹریٹوں کا محاسبہ کرنے کی ہدایت کی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او افضال کوثر نے چاروں اضلاع کے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ ڈبل سواری کی پابندی کو یقینی بنائیں ۔گاڑیوں میں دو سے زائد افراد کے بیٹھنے کی اجازت نہیں خلاف ورزی پر گاڑیاں بند کر دی جائیں ۔چنگ چی او رآٹو رکشوں کی نقل وحرکت کو محدود کیا جائے ۔
شہریوں کے غیر ضروری بازاروں میں نکلنے کی حوصلہ شکنی کی جائے ان سے باز پرس کی جائے او ربلاجواز باہر آنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایاجائے تاکہ لاک ڈان کے مثبت نتائج کاحصول ممکن ہوسکے ۔ انہوں نے کہاکہ پندرہ رمضان کے بعد چوروں او رڈاکوں کی سرگرمیوں پر خصوصی نظر رکھی جائے ۔اضلاع او رڈویژن کے داخلی راستوں پر آرمی اور پولیس مشترکہ چیک پوسٹ قائم کریں تاکہ ایسے عناصر کا موثر قلع قمع کیا جاسکے ۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں نے اپنی روزانہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی ۔