فیصل آباد (عکس آن لائن)دکان میں گیس ری فلنگ کے دوران سلنڈر پھٹنے سے دکاندار اور گاہک جاں بحق، ساتھی زخمی، الائیڈ ہسپتال میں حالت نازک، فیصل آباد و گرد و نواح میں غیر قانونی دھندے میں ملوث افراد کی وجہ سے کئی قیمتی جانوں کے ضیاع کے بعد بھی ضلعی انتظامیہ واقعات روکنے کیلئے موثر اقدامات نہ اٹھا سکی۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بے حسی کے باعث جڑانوالہ کے نواحی چک 235 گ ب میں المناک واقعہ پیش آیا۔ آن لائن کے مطابق تھانہ صدر کے چک 235 گ ب میں 30 سالہ محمد شہباز ولد محمد ریاض نے عرصہ سے گیس ری فلنگ کی دکان بنا رکھی تھی۔ مذکورہ علاقہ میں سیف الماریوں کا کام کرنے والے دو دوست 16 سالہ عامر ولد افضل اور 16 سالہ عابد رشید ولد رشید احمد گزشتہ شام سلنڈر بھروانے کے لئے شہباز کی دکان پر گئے جہاں پر گیس ری فلنگ کے دوران سلنڈر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں تینوں زخمیوں کو تشویشناک حالت کے پیش نظر ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیموں نے الائیڈ ہسپتال منتقل کیا جہاں رات گئے شہباز اور عامر زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ عابد کی حالت بھی نازک بتائی جاتی ہے۔