مکوآنہ ( عکس آن لائن) بچیانہ میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے زندگی اجیرن کردی۔افطاری کی تیاری میں شدید پریشانی کا سامنا۔
چولہے ٹھنڈے ہونے سے روزہ دار شدید پریشان۔ گیس لوڈ شیڈنگ میں کمی نہ کی گئی تو احتجاج پر مجبور ہوں گے۔ شہریوں کی میڈیا سے گفتگو۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ ایک ماہ سے بچیانہ شہر اور نواح میں جاری سوئی گیسکی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کررکھی تھی اور حکومت کی طرف سے رمضان شریف میں گیس کی لوڈشیڈنگ کو سحری و افطاری کیاوقات میں بالکل ختم کرنے کے دعوے کئے گئے تھے لیکن رمضان شریف کے پہلے روز ہی سحری کے بعد سوئی گیس بند کردی گئی جو سارادن بند رکھنے کے باوجود افطاری کے وقت بھی بحال نہ کی گئی جس کے باعث شہریوں کو افطاری کی تیاری مین شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بچیانہ و نواح میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو ختم کرتے ہوئے گیس پریشر کو بڑھایا جائے تاکہ شہری ماہ رمضان میں سحری و افطاری کا اہتمام احسن طریقے سے کرسکیں۔ شہریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کو فوری ختم کی جائے وگرنہ ہم شدید احتجاج پر مجبور ہوں گے۔