مارک زکربرگ

فیس بک غلط معلومات پر مبنی ضرر رساں مواد ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے، مارک زکربرگ

واشنگٹن (عکس آن لائن) فیس بک کے سی ای او مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ انکا سوشل نیٹ ورک، کورونا وائرس سے متعلق غلط معلومات کا پھیلاؤ روکنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

زکربرگ نے بتایا کہ ان کی کمپنی ایسا مواد ہٹا رہی ہے جس کی وجہ سے کسی کو فوری اور واضح نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو۔ انہوں نے کہا اگر کسی مواد سے واضح جسمانی و مادی ضرر کا اندیشہ نہ بھی ہو تب بھی ان کی کمپنی نہیں چاہتی کہ غلط معلومات پر مشتمل مواد وائرل ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیس بک غلط معلومات کا پھیلاؤ روکنے کے لیے حقائق کی آزادانہ جانچ پڑتال کرنے والوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیس بک نے ایسا مواد ہٹا دیا تھا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 5 جی ڈیجیٹل نیٹ ورک، اس وائرس کے پھیلاؤ میں مدد گار ہے۔ مذکورہ مواد گزشتہ ماہ برطانیہ میں بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 5 جی کے ڈھانچے کو مادی نقصان پہنچا اور انجینئرز کو دھمکیاں ملیں۔لیکن تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے غلط معلومات پر مبنی بہت سا مواد ابھی تک فیس بک پر گردش کر رہا ہے اور اس کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات ناکافی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں