لاہور(نمائندہ عکس)تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ غیر ملکی سازش میں سہولت کاربننے والے اپناگناہ قبول کر لیں اورقوم سے معافی مانگیں ،حقیقی آزادی مار چ کے شرکاء نئے انتخابات کی تاریخ لے کر ہی وفاقی دارالحکومت سے واپس لوٹیں گے،ہم پر امن لوگ ہیں اگر امپورٹڈ حکومت اور اس کے وزیر داخلہ نے جان بوجھ کر حالات خراب کرنے کی کوشش کی تو اس کی ذمہ داری انہی پر عائد عائد ہو گی ۔ ایک تقریب میں شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ جب آزادی مارچ کی صورت میں عوام کا سمندر سڑکوں پر نکلے گا تو امپورٹڈ حکومت کے اوسان خطا ہو جائیں گے ۔ پیشگی متنبہ کرتے ہیں کہ کسی طرح کی شرارت یا انتشار پھیلانے سے باز رہا جائے ،
ہم آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے مطالبات کیلئے سڑکوں پر نکل رہے ہیں اور کامیابی کے حصول تک پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت اورانتظامیہ لاکھوں کی تعداد میں باہر نکلنے والے پرجوش عوام کے سامنے نہیں ٹھہر سکیں گے اس لئے ہوش کے ناخن لئے جائیں ۔ہماراقافلہ اسلام آباد پہنچ کر کے ہی دم لے گااوراس کے بعد انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہونے تک اسلام آبادسے واپس نہیں لوٹیں گے۔انہوں نے کہا کہ اب تو حکومت کے اپنے لوگ برملا ناکامی کا اعتراف ہے اور ان کا بھی کہنا ہے کہ نئے انتخابات کا اعلان کیا جائے ۔
٭٭٭٭٭