سابق وزیراعظم عمران خان

عمران خان کا چیف الیکشن کمشنر پر 10ارب روپے ہرجانے کا اعلان

کامونکی(نمائندہ عکس)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر پر 10ارب روپے ہرجانے کا مقدمہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے اگر ایک بھی غیر قانونی کام کیا ہو توعدالتی فیصلے کا انتظار نہیں کرونگا بلکہ خود چھوڑ دوں گا،ملک تب مضبوط ہوگا جب ادارے مضبوط ہونگے، چوروں کو ڈرائی کلین کرکے ہم پر پھر مسلط کر دیا گیا،، اللہ سے دعا کرتا ہوں مجھے ارشد شریف والی موت دینا گیدڑوں والی نہیں، چیف الیکشن کمشنر سے بڑا دو نمبر آدمی کبھی الیکشن کمیشن میں بیٹھے نہیں دیکھا،،نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کامونکی میں آزادی مارچ کے چوتھے روز لانگ مارچ کے آغاز سے قبل شرکا سے خطاب کے دوران چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے تم سے بڑا دو نمبر آدمی کبھی الیکشن کمیشن میں بیٹھے نہیں دیکھا،

یہ بدنیت آدمی ن لیگ شریف خاندان کے گھر کا نوکر ہے، میں اس کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا مقدمہ کر رہا ہوں، سکندر سلطان کو عدالت میں کھڑا کرکے ہرجانہ لوں گا اور وہ شوکت خانم میں دونگا،عمران خان نے کہا کہ شوکت خانم اسپتال کے نام پر ہر سال 9 ارب روپے جمع ہوتا ہے، میرے نام پر نمل یونیورسٹی کا پیسہ اکٹھا ہوتا ہے، میں نے القادر یونیورسٹی شروع کی جہاں 100 فیصد بچے مفت پڑھتے ہیں، پشاور میں شوکت خانم اسپتال بن چکا وہاں 75 فیصد لوگوں کا مفت علاج ہوتا ہے، اب کراچی میں سب سے بڑا شوکت خانم اسپتال بن رہا ہے، میری دیانتداری پر سوال اٹھایا اس لیے چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندر راجا پر ہرجانے کا دعوی کرونگا،پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے مجھے نا اہل قرار دیا تھا، چوروں کو خوش کرنے کیلیے ممنوعہ فنڈنگ اور توشہ خانہ میں میرا نام لیا، میں نے اگر ایک بھی غیر قانونی کام کیا ہو توعدالتی فیصلے کا انتظار نہیں کرونگا بلکہ خود چھوڑ دوں گا،

عمران خان کا کہنا تھا کہ کرم کے پی میں میں نے الیکشن مہم نہیں کی، وہاں سارا چوروں کا ٹولہ میرے خلاف لڑ رہا تھا، میں وہاں کے عوام کو سلام کرتا ہوں انہوں نے دگنی لیڈ سے پھینٹا لگایا ہے، میں نے 8حلقوں میں سے 7میں الیکشن جیتا جو ورلڈ ریکارڈ بن گیا ہے، ان میں سے کراچی کی ایک نشست پر جو پیپلز پارٹی جیتی ہے وہ بھی دھاندلی، ریاستی مشینری کے بغیر نہیں جیت سکتی تھی،انہوں نے صابر شاکر پہلے ہی ملک سے باہر اب معید پیرزادہ اور ارشاد بھٹی بھی پاکستان چھوڑ گئے میں عدلیہ سے کہتا ہوں ساری قوم آپ کی طرف دیکھ رہی ہے، چیف جسٹس کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے اعظم سواتی کا کیس سنا،

درخواست ہے کہ شہباز گل کا بھی کیس سنیں،سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک تب مضبوط ہوگا جب ادارے مضبوط ہونگے اور ادارے تب مضبوط ہوتے ہیں جب قوم ان کے ساتھ کھڑی ہو، عوام اور اسٹیبلشمنٹ مل کر ملک کو مضبوط کرتے ہیں، چوروں کو ڈرائی کلین کرکے ہم پر پھر مسلط کر دیا گیا، لیکن جو بھی ان چوروں کے ساتھ ملے گا وہ انہی کے ساتھ رنگا جائے گا، میرے لندن میں فلیٹس یا باہر جائیداد نہیں ہے، میں اسی ملک میں رہوں گا، اللہ سے دعا کرتا ہوں مجھے ارشد شریف والی موت دینا گیدڑوں والی نہیں،سابق وزیراعظم نے کہا کہ جی ٹی روڈ پر لوگ ہمارا انتظار کر رہے ہیں، جنون اتنا ہے کہ ہم ایک دن میں 12 کلومیٹر سے زیادہ سفر نہیں کر پا رہے ہیں،

مجھے پتہ ہے امپورٹڈ حکومت کوریج بند کر رہی ہے، انصاف کے انقلاب کو اسلام آباد بڑھتے دیکھ کر کوریج بند کر رہے ہیں، لیکن سوشل میڈیا پر سب کو نظر آ رہا ہے کہ انقلاب کتنی تیزی سے اسلام آباد کی جانب بڑھ رہا ہے، جب اسلام آباد پہنچوں گا سب نے میرے ساتھ ہونا ہے، یہ آزادی کی جنگ ہے جس میں قربانیاں دینا پڑتی ہیں، ہم جب تک ڈاکوں کو قانون کے نیچے نہیں لائیں گے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں