عثمان بزدار

عمران خان کا سپاہی ہوں‘ مخالفین کی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے‘ وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور(نمائندہ عکس)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ مخالفین کی ہر سازش کا پہلے بھی مقابلہ کیا اور آئندہ بھی ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ الزامات کی سیاست نہ کبھی کی ہے اور نہ اس پر یقین رکھتے ہیں، بے بنیاد الزامات کا جواب دینا وقت کا ضیاع سمجھتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پروپیگنڈا کرنے والوں کا ایجنڈا سیاسی انار کی پھیلانا اور ترقی کو روکنا ہے، مخالفین الزام برائے الزام لگاتے جائیں، ہم عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔عثمان بزدار نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا سپاہی ہوں، مخالفین کی ہر سازش کا پہلے بھی مقابلہ کیا اور آئندہ بھی ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمرا ن خان سے صحافیوں کے وفد نے ملاقات کی جس میں عمران خان نے کہا کہ ہم سے جو دور جائے گا وہ پیسے کے لیے جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ میں عدم اعتماد کی تحریک کی ووٹنگ سے ایک دن پہلے اپنے تمام پتے ظاہر کروں گا، میرے پاس بلکل وہ پتہ موجود ہے اور میرا کارڈ آخری دن یا ووٹنگ کی صبح کو سامنے آئے گا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے دباو میں آکر اپنے سارے پتے ظاہر کردیے، میں جو کچھ کر رہا ہوں وزارت عظمیٰ کے لیے نہیں کر رہا، میں واضح کہہ رہا ہوں کہ وہ نہیں جیتیں گے۔

عمرا ن خان نے کہا کہ اپوزیشن نے ہمارے اوپر کرم کیا کہ عوام ہمارے حق میں ہوگئی ہے، نیوٹرل والی بات کا غلط مطلب لیا گیا، نیوٹرل والی بات اچھائی کا حکم دینے اور برائی سے روکنے کے تناظر میں کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں