لاہور (عکس آن لائن )وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان تمام مسائل سے سرخرو ہو کر نکلیں گے، انہیں کسی سے کوئی خطرہ نہیں، ادارے، عمران خان اورحکومت ایک پیج پر ہیں، دنیا میں اپوزیشن لیڈر وطن واپس آتے ہیں، یہ لوگ باہر جانا چاہتے ہیں، بھگوڑے صورتحال کا سامنا کرنے کے بجائے بھاگ جاتے ہیں۔
حدیبیہ کیس 2 سے 3 ہفتے میں دائر کر دیں گے، منی لانڈرنگ اور شوگر ملز کیسز شہزاد اکبر دیکھ رہے ہیں، سائبر ونگ سے لوگوں کی سب سے زیادہ شکایات ہیں، وزارت داخلہ میں ایف آئی اے کا ادارہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتاہے، ایسا نہیں ہو سکتا سرکاری افسران من پسند سیٹ پرسالوں نوکری کریں، سائبر ونگ کو مزید فعال کیا جائے گا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے ن لیگی قیادت کو بھگوڑا قرار دے دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں حکمران ملک میں رہنا چاہتے ہیں یہ باہر بھاگنا چاہتے ہیں۔ حدیبیہ ریفرنس چند دنوں میں دائر کرنے جارہے ہیں، شہبازشریف 15 روز میں نظرثانی کے لئے درخواست دے سکتے ہیں، ملک سے بھاگنے کے بجائے اڈیالہ جیل میں پھانسی قبول کروں گا انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ختم ہوچکی ہے سب سے زیادہ ہمدردی مولانا کے ساتھ ہے، اپوزیشن اس حکومت کو اب نہیں پکڑ سکتی، عمران خان نظام کو بہتر کرنے کے ساتھ مافیاز کا مقابلہ کررہے ہیں، ن لیگ میں دو پارٹیاں ہیں شہباز کی پارٹی میری پارٹی ہے، مریم اور ان کے والد نے اپنی جماعت کو اس مقام تک پہنچایا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو کسی سے کوئی خطرہ نہیں، اور نہ ہی کوئی کوئی تحریک عدم اعتماد آرہی ہے، میرا جہانگیر ترین سے الیکشن کے بعد کوئی رابطہ نہیں لیکن اتنا جانتا ہوں کہ وہ ملک کو بحران میں مبتلا نہیں کریں گے، جہانگیرترین گروپ بجٹ میں عمران خان کو ووٹ دے گا، وزیراعظم جلد اس بحران سے نکلیں گے، عمران خان اور جہانگیر ترین دونوں پارٹیاں علی ظفر سے مطمئن ہیں، وزیراعلی پنجاب نے کہا ہے کہ جہانگیرترین کے لوگوں کو شکوہ ہے تو بتائیں۔